وزیراعلیٰ خیبر پی کے سے چینی کمپنی کی ٹیم کی ملاقات: سرمایہ کاری کی پیشکش
پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک سے چین کی عالمی شہرت یافتہ بڑے ہائوسنگ سرمایہ کار ادارے شنگھائی کمپنی کی ٹیم نے پشاور میں ملاقات کی اور صوبائی حکومت کو دو میگا ہائوسنگ سکیموں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔ ٹیم کے شرکاء نے خیبر پی کے حکومت کی طرف سے صوبے بالخصوص دارالحکومت پشاور میں بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کے پیش نظرمختلف اہم سٹریٹجک مقامات پر بڑے رہائشی منصوبے شروع کرنے کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے تمام ترجدید شہری و رہائشی سہولیات سے آراستہ بین الاقوامی معیار کے ان رہائشی منصوبوں پر پیشرفت میں بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔ پرویز خٹک نے شنگھائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ما شی جینگ کی معیت میں چینی سرمایہ کار ٹیم پر واضح کیا کہ اگرچہ یہ دونوں میگا ہائوسنگ پراجیکٹ مکمل طور پر رہائشی شہر ہونگے اور ان میں تمام بنیادی شہری سہولیات جدید سائنسی بنیادوں پر دستیاب ہونگی تاہم تعلیم اور کھیلوں کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے نہ صرف انکے نام ایجوکیشن اور سپورٹس سٹی رکھے گئے ہیں بلکہ ان میں پندرہ تا تیس فیصد کے اندرونی حصے بھی انہی مقاصد کے فروغ کیلئے پلان میں شامل ہونگے۔