• news

بلدیاتی انتخابات کے التوا کا ذمہ دار الیکشن کمشن ہے‘ نوازشریف نے نگرانوں کو خریدا: عمران

 پشاور/اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں التوا کا ذمہ دار الیکشن کمشن کو ٹھہرا دیا، کہتے ہیں خیبر پی کے میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا کوئی مسئلہ نہیں، الیکشن کمشن کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکامی کا سامنا ہے۔ عمران نے کہا ہے کہ خیبر پی کے حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات 15 نومبر تک کرانے کو تیار ہے۔ خیبر پی کے کو آئندہ ماہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی اجازت دی جائے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشن صوبے میں بلدیاتی انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے کی اجازت سے کیوں کترا رہا ہے۔ صرف ایک تحصیل میں الیکٹرانک ووٹنگ ناقابل فہم ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کے مطابق الیکشن کمشن کو شفاف انتخابات کے حوالے سے اپنے فرائض انجام دینے میں مسلسل ناکامی کا سامنا ہے، الیکشن کمشن این اے 122 میں ووٹوں کی جانچ کا معاملہ لٹکانے میں ایاز صادق کی معاونت کا مرتکب بھی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمشن میں موجود تمام کمشنر فوری طور پر مستعفی ہوں اور حقیقی معنوں میں آزاد الیکشن کمشن بنایا جائے۔  شفاف انتخابات کے ذریعے جمہوریت کے استحکام کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے استعفے تک دھرنا جاری رہے گا، 30 نومبر کو انصاف کے لئے عوام کا سمندر جمع ہوگا، 2013ء کے الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی، نواز شریف ضمیروں کا سوداگر ہے، افتخار محمد چودھری کو خریدا، افتخار چودھری کی آنکھوں میں گھبراہٹ نظر آئی، انصاف لینے کے لئے تمام راستے بند کردیئے گئے، 16 ماہ ہوئے ٹربیونلز کے فیصلے کہاں گئے۔ 20   ارب روپے کے ہرجانے سے ڈرنے والا نہیں، آزاد عدلیہ ہی صاف و شفاف الیکشن کروا سکتی ہے، ہم پیسہ بنانے اور لوٹ مار کے لئے اقتدار میں نہیں آئے۔ میانوالی کی تاریخ میں پہلی بار خواتین جذبے کے ساتھ باہر نکلیں۔ پاکستان کے لئے فیصلہ کن وقت ہے، نگران حکومت کو خریدا گیا۔ نجم سیٹھی کیا صرف پی سی بی کا چیئرمین کا عہدہ آپ کی قیمت تھی، دھاندلی روکنا  نجم سیٹھی کا کام تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن