• news

پیپلزپارٹی ملتان میں پیپلزپارٹی جیتی، پنجاب میں مقابلہ تحریک انصاف سے ہو گا: تنویر کائرہ

لاہور (سید شعیب الدین سے)  پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور سابق صوبائی وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب مقابلہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) فارغ ہو چکی ہے اور آئندہ انتخابات سے پہلے مکمل فارغ ہو جائیگی۔ بلدیاتی انتخابات کوئی بھی صوبائی حکومت نہیں کرانا چاہتی۔ تحریک انصاف کا گراف بہتر ہوا ہے مگر خیبر پی کے میں انکا گراف گرا ہے انکے اپنی ساتھی قیادت سے ناراض ہو چکے ہیں۔ ’’نوائے وقت‘‘ سے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا گراف بہتر ہو رہا ہے، ہماری پچھلی حکومت موجودہ حکومت سے بہتر تھی۔ تحریک انصاف کی مقبولیت مصنوعی ہے۔ اصغر خان کے بھی جلسے بہت بڑے ہوا کرتے تھے۔ تحریک انصاف کا اصل پتہ انتخابی میدان میں چلے گا، گذشتہ انتخابات میں پنجاب میں ہماری نشستیں کم کی گئیں۔ سابق چیف جسٹس نے مسلم لیگ (ن) کے وعدے پر ملک کا صدر بننے کیلئے ریٹرننگ افسران کے ذریعے دھاندلی کر کے مسلم لیگ (ن) کو حکومت دلوائی مگر مسلم لیگ (ن) نے چودھری افتخار کو دھوکہ دیا اور صدر نہیں بنایا۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنی کمٹمنٹ پوری نہیں کی۔ انہوں نے کہا ملتان کا الیکشن پیپلزپارٹی جیتی ہے۔ عامر ڈوگر سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا دست راست تھا، اس نے اربوں روپے کے ترقیاتی کام ملتان میں کرائے، وہ ہر وقت وزیراعظم ہائوس میں موجود رہتا تھا اسکو ان ترقیاتی کاموں نے ووٹ دلوائے۔ انہوں نے بلاول زرداری بھٹو کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے سے عوام میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ بلاول شہباز شریف کی طرح لمبے بوٹ کر پانی میں نہیں گیا ،وہ گہرے پانیوں سے گزر کر سیلاب میں گھرے لوگوں سے ملا مائوں نے اس کی بلائیں لیں۔

ای پیپر-دی نیشن