• news

طاہر القادری نے کینیڈین شہریت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا: ذرائع

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کینیڈین شہریت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وہ مختصر دورے پر کینیڈا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں جائینگے، ملک بھر میں تنظیم سازی شروع کردی گئی ہے، اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکمت عملی بھی طے کرلی گئی ہے، ق لیگ، سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کے علاوہ ہم خیال جماعتوں کو ساتھ ملانے کےلئے عنقریب رابطوں کا سلسلہ شروع کیا جائےگا، سیاسی اتحاد کےلئے تحریک انصاف سے بھی رابطے شروع کردیئے ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ پر اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ق لیگ، مجلس وحدت المسلمین، سنی اتحاد کونسل اور پاکستان عوامی تحریک کی اعلیٰ سطح کی قیادت نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلدیاتی انتخابات اور مڈ ٹرم انتخابات بارے تبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر طاہر القادری کی دوہری شہریت کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جس پر طاہر القادری نے اپنے اہم فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ قومی اسمبلی کے انتخابات کےلئے اگر دوہری شہریت قربان کرنا پڑی تو دریغ نہیں کرینگے کیونکہ وہ ملک میں تبدیلی کےلئے آئے ہیں اور اب اپنے عوام سے وعدہ بھی کرچکاہوں کہ اب اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچاﺅںگا۔ ذرائع کے مطابق طاہر القادری نے اتحادی جماعتوں سے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی حاصل کی، انہیں ق لیگ، ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء طاہر القادری سمیت کارکنوں پر درج پنجاب بھر سے مقدمات کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے قائد کے خلاف درج ہونے والے مقدمات واپس لئے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

طاہر القادری/ شہریت

ای پیپر-دی نیشن