بے حوصلہ شخص سیاست کا کپتان نہیں بن سکتا: عابد شیر
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اگر عمران خان نے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کیلئے کرکٹ کھیلی ہوتی تو وہ سیاست بھی ملک و قوم کیلئے ہی کرتے، عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ اسلئے دئیے تھے کہ عمران خان اور انکے ارکان اسمبلیوں میں جاکر عوامی مسائل حل کرائیں لیکن قومی اسمبلی میں پہنچ کر عمران خان کو پتہ چلا کہ یہاں چوکے اور چھکے نہیں لگتے، استعفیٰ مایوسی کی علامت ہیں حوصلہ ہارنے والا شخص کبھی سیاست کا کپتان نہیں بن سکتا۔ مستعفی ہونے والے ارکان اسمبلی کس منہ سے عوام میں جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم ایس ایف پنجاب کے صدر مقبول احمد خان کی قیادت میں طلباءکے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا،انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی غلط فہمی میں نہ رہیں ان کی پارٹی نے استعفوں کا فیصلہ کرتے وقت اپنے 77 لاکھ ووٹروں کو اعتماد میں نہیں لیابلکہ ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے،آئندہ الیکشن میں انکے مستعفی ہونیوالے ارکان کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے۔ پاکستان کو کمزور کرنے عالمی ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔
عابد شیر علی