ایشیائی انفراسٹرکچر بنک ترقی پذیر ممالک کو مالی تعاون فراہم کریگا: اسحاق ڈار
(اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایشیائی انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بنک (اے آئی آئی بی) پاکستان سمیت ایشیاءکے ترقی پذیر ممالک کو علاقائی روابط کے فروغ کیلئے مالی تعاون فراہم کرےگا، ہمیں یقین ہے کہ بنک علاقائی ممالک کو پائیدار اور تیز تر ترقی میں مدد کیلئے خطے میں دستیاب بھرپور بچتوں کو سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کیلئے پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ وہ چین کے دوران چین کے میڈیا، گلوبل ٹائم، چائنا ڈیلی اور چائنا سینٹر ٹیلی ویژن سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بنک 2016ءکے آغاز تک کام شروع کر دےگا۔ پاکستان بنک کے قیام کے ابتدائی اعلان سے ہی اس کی حمایت کرتا رہا ہے ہمارا یقین ہے کہ بچتوں کو سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ علاقائی ممالک کو پائیدار اور تیز تر ترقی میں مدد دی جائے جس سے وہ عالمی معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے اور اکیسویں صدی ایشیائی صدی ہے، یہ اسی صورت ممکن ہے کہ جب ایشیاءانفراسٹرکچرکی کمی دور کرنے کیلئے نمایاں کردار ادا کرسکے۔ چین اور امریکہ میں سیاسی اور اقتصادی قوت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو بڑا جانی اور مالی نقصان ہوا۔ پاکستان نے خطہ میں پائیدار امن و استحکام کا ٹھوس عزم کر رکھا ہے، پاکستان نے پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے فروغ کا تہیہ کر رکھا ہے۔افغان مسئلہ کا حل افغانستان کے عوام کے اپنے ہاتھوں میں ہونا چاہئے۔ پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام اور ترقی کی کوششوں کی مسلسل حمایت کی ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا فروغ اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حال چاہتا ہے۔
اسحاق ڈار