پریمیئر فٹبال لیگ: لاہور، اسلام آباد میں دونوں میچ برابر رہے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیراہتمام جاری پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ لاہور اور اسلام آباد میں دونوں میچ برابر رہے۔ ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہو میں ریلوے اور مسلم فٹبال کلب کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔ ریلوے کی جانب سے واجد علی جبکہ مسلم فٹبال کلب کی جانب سے حاجی محمد نے گول سکور کیا۔ دوسرا میچ پی اے ایف اور کے الیکٹرک کی ٹیموں کے درمیان جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلا گیا۔ یہ میچ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا۔ پی اے ایف کی جانب سے آصف الدین جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے رسول نے گول سکور کیا۔ لیگ میں آج مزید دو میچ کھیلے جائیں گے۔ آرمی کا کے پی ٹی سے اسلام آباد میں جبکہ واپڈا کا بلوچ کوئٹہ سے ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہو میں ٹاکرا ہوگا۔