وفاقی وزراء کارکردگی رپورٹس تیار نہ کر سکے کابینہ کا خصوصی اجلاس اب جمعہ کو ہو گا
اسلام آباد (نوخیز ساہی/ دی نیشن رپورٹ) وفاقی وزراء اپنے محکموں کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹس تیار نہ کر سکے جس کے باعث وزیراعظم نوازشریف کے سامنے وفاقی کابینہ کے اجلاس کا شیڈول تبدیل کرنے کے سوا کوئی چارہ کار نہ تھا۔ وفاقی کابینہ کا جو آج سہ روزہ اجلاس شروع ہونا تھا وہ اب 31 اکتوبر کو ہو گا۔ وزیراعظم نے تمام وفاقی وزرائ، وزرائے مملکت اور مشیروں سے 28 اکتوبرتک کارکردگی کی رپورٹ مانگی تھی۔ سب کو باری باری اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کا پابند بنایا گیا تھا۔ وزیراعظم نے ان سے یہ بھی پوچھا تھا کہ عام آدمی کی بہتری کے لئے کیا کیا جائے۔ کابینہ ڈویژن کے مطابق یہ خصوصی اجلاس بہت اہم ہے کیونکہ وزیراعظم کابینہ کے ارکان سے تبدیلیوں کے بارے میں بھی مشاورت کرینگے۔ مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفر الحق اور سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا ان امور پر معاونت کرینگے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء کی درخواست پر کابینہ کا اجلاس ملتوی کیا گیا ان میں کئی وزراء بیرونی دوروں پر رہے وہ اپنی کارکردگی رپورٹس نہیں بنا سکے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کئی وزراء کے محکمے تبدیل بھی کرینگے۔