آئی سی سی کی صدارت کا امیدوار بنانے کیلئے پی سی بی کا نجم سیٹھی کو گرین سگنل
لاہور(چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی کی صدارت کے لئے پاکستانی امیدوار کی نامزدگی کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی پانچ رکنی کمیٹی نے نجم سیٹھی کے نام کا گرین سگنل دیدیا۔ نجم سیٹھی 2015-16ء کے لئے آئی سی سی میں بطور صدر پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ کرکٹ حلقوں نے نجم سیٹھی کی بطور آئی سی سی صدر نامزدگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجم سیٹھی ہی ایک ایسی چوائس ہیں جو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سمیت بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا سوفٹ امیج بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرینگے۔ سابق فاسٹ باؤلر سرفراز نواز نے کہا کہ نجم سیٹھی کے چیئرمین بننے سے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کافی بہتری آئی تھی اچھے فیصلے دیکھنے میں آنا شروع ہو گئے تھے، امید ہے کہ آئی سی سی میں ان کے جانے سے بھی پاکستان کرکٹ کی بہتری ہوگی۔ سرفراز نواز نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو بہت عرصہ کے بعد ایک ایسا شخص ملا ہے جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کو اچھی طرح بیان کر سکتا ہے۔ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی نے کہا کہ ایک لمبا عرصہ ہو گیا ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال نہیں ہوئی ہے۔ آئی سی سی میں نجم سیٹھی کی بطور صدر تقرری سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی بنائی جانے والی پانچ رکنی کمیٹی نے سابق چیئرمین کا نام تجویز کر کے اچھا فیصلہ کیا جس کے مستقبل میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی بناء پر پاکستان کرکٹ کو پہلے ہی بہت نقصان پہنچ چکا ہے ایسے میں نجم سیٹھی جیسے کسی مثبت شخص کو اہم عہدے کے لئے نامزد کیا جا رہا ہے تو یہ پاکستان کرکٹ کے لئے خوش آئند ہے۔