سعید اجمل کے بغیر آسٹریلیا کیخلاف کامیابی اہمیت کی حامل ہے : شہریار خان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ سعید اجمل کے بغیر پاکستان ٹیم کا دنیا کی ٹاپ آسٹریلوی ٹیم کے خلاف کامیابی اہمیت کی حامل ہے، جس کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونس خان کی ہمیشہ سے قدر کرتا آیا ہوں انہیں 2003ء سے جانتا ہوں جتنے اچھے وہ کرکٹر ہیں اتنے اچھے انسان بھی ہیں۔ یونس خان کی ون ڈے سکواڈ میں واپسی کے سوال پر شہریار خان نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا تاہم میں اپنے رائے دینے کا حق محفوظ رکھتا ہوں اور وہ کیا ہوگی اس کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے جس طرح دبئی ٹیسٹ میں پرفارم کیا امید ہے کہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں بھی قومی کھلاڑی اچھا پرفارم کرینگے۔