وزیراعظم کی مصروفیات، ایشین گیمز میں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کے اعزاز میں آج ہونیوالی تقریب ملتوی
لاہور (نمائندہ سپورٹس/ سپورٹس رپورٹر) وزیراعظم کی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان ہاکی ٹیم‘ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اور ہاکی فیڈریشن کے آفیشلز کے اعزاز میں آج ہونے والی تقریب ملتوی کر دی گئی۔ پی ایچ ایف ذرائع کے مطابق 28 اکتوبر کو وزیراعظم ہاؤس میں ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی خواتین کرکٹ ٹیم اور سلور میڈل حاصل کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جانا تھا۔ نئی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا گیا۔ دریں اثناء ایشین گیمز کی سلور میڈلسٹ ٹیم کی اسلام آباد میں میاں نواز شریف سے ملاقات نہ ہو سکی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران سمیت کھلاڑیوں کو ٹیم مینجمنٹ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ایشین گیمز کی سلور میڈلسٹ ٹیم کو دوبارہ ملاقات کیلئے 19 نومبر کی تاریخ دیدی۔