واہگہ میں جھنڈا اتارنے کی تقریب کو نشانہ بنانے کیلئے خودکش حملہ آور لاہور پہنچ گیا
لاہور (معین اظہر سے) دہشت گردوں نے پاکستان‘ بھارت سرحد پر واہگہ میں فلیگ کی تقریب کو ٹارگٹ کرنے کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے جس کیلئے خودکش حملہ آور کو لاہور پہنچا دیا گیا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے ڈی جی رینجرز پنجاب کو فوری طور پر حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ٹی ٹی پی کا ایک گروپ ٹی ٹی جی القاعدہ کی مدد سے حملہ کرنے کی تیار ی کر رہا ہے جس کے تین مقاصد بتائے گئے ہیں ایک پاکستان بھارت تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا کرنا، دوسرا پاکستان کو بین الاقوامی طور پر بدنام کرنا، تیسرا آپریشن ضرب عضب و فوجی آپریشن کو نقصان پہنچانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرزم اتھارٹی نے ڈی جی رینجرز پنجاب کو لیٹر لکھا کہ پاکستان بھارت سرحد پر جھنڈا اتارنے کی تقریب پر حملہ ہو سکتا ہے۔ خودکش جیکٹ اور خودکش حملہ آور کو پہلے ہی لاہور بھجوایا جا چکا ہے جو لاہور میں کہیں چھپا ہوا ہے۔ تقریب میں خودکش حملہ اور فائرنگ کی جا سکتی ہے۔ صدر، وزیر اعظم، ڈی جی آئی ایس آئی، آئی بی اور دیگر تمام اہم انٹیلی جنس اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ عبیداللہ فاروق ملک ڈائریکٹر آپریشن کی جانب سے ڈی جی رینجرز پنجاب کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اسلامک موومنٹ آف ازبکستان، اسلامک جہاد یونین، ایسٹ ترکمانستان اسلامک موومنٹ، عبداللہ بریگیڈ، ترکس جماعت، ساوتھ وزیرستان میں ملا نذیر گروپ، عبدالرحمان گروپ، مسعید الدین گروپ، جنوبی وزیرستان میں حافظ گل بہادر، حکیم اللہ مسعود کے پاس ابھی تک ایسے افراد ہیں جو اسلحہ چلانے اور لڑنے کی تربیت رکھتے ہیں تاہم لاہور سمیت دیگر شہروں کو ریڈ الرٹ پر کر دیا گیا ہے جبکہ مشکوک جگہوں کی نگرانی اور تمام ہوٹل سرائے، مساجد کی چیکنگ شروع کر دی گئی ہے۔ سڑکوں پر سوئے ہوئے افراد کو بھی چیک کیا جائے گا۔