طاہر القادری کی گرفتاری کے حوالے سے درخواست، رجسٹرار ہائیکورٹ نے اعتراض دور ہونے پر ختم کردیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی گرفتاری کے لئے آئی جی پنجاب سے کارکردگی رپورٹ طلب کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائدکردہ اعتراض دور کر دیا گیا۔ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے فہد احمد صدیقی ایڈووکیٹ کی جانب سے طاہر القادری کی گرفتاری کیلئے دائر درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے پٹیشنز کو متعلقہ کاغذات لف کرنے کی ہدائت کی تھی۔ درخواست گزار نے رجسٹرار آفس کے اعتراض کو دور کرتے ہوئے درخواست دوبارہ دائر کی جس پر رجسٹرار آفس نے عائد اعتراض ختم کر دیا۔ طاہر القادری کی گرفتار ی کے لئے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کیخلاف پنجاب سمیت مختلف اضلاع میں چالیس مقدمات درج ہو چکے ہیں جن میں سے گیارہ مقدمات دہشت گردی سمیت سنگین جرائم کی دفعات کے تحت درج کئے گئے ہیں۔ طاہر القادری نے ابھی تک کسی بھی مقدمے میں ضمانت نہیں کرائی مگر اسکے باوجود پولیس نے انہیں کسی بھی مقدمے میں گرفتار کیا نہ ہی انہیں شامل تفتیش کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیکرٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی پولیس سے طاہر القادری کیخلاف درج 40 مقدمات کا ریکارڈ اور ان میں مقدمات میں تفتیش کی پیشرفت سے متعلق کارکردگی رپورٹ طلب کی جائے۔