سپریم کورٹ ، عام انتخابات کالعدم قرار دینے کیلئے دائرمقدمہ کی سماعت کل ہوگی
اسلام آباد(ثناء نیوز)سپریم کورٹ میں عام انتخابات کوکالعدم قرار دیئے جانے کے حوالے سے دائر درخواستوں کی سماعت کل (بروزبدھ) ہوگی۔ سپریم کورٹ نے مارچ 2013میں ہونے والے عام انتخابات کوکالعدم قرار دیئے جانے کے حوالے سے دائر درخواستوں کی سماعت کیلئے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا جو 29اکتوبرکوسپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس محمود اخترشاہد صدیقی اور میاں زاہد سرفراز کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ عدالت عظمی کا تین رکنی بینچ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصرالملک ، جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز احمد چوہدری پر مشتمل ہے ۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس محمود اخترشاہد صدیقی کی طرف سے محمد صدیق بلوچ ایڈووکیٹ کے توسط سے آئین کے آرٹیکل 184(3)کے تحت آئینی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2013میں ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی ثابت ہوچکی ہے اس لئے انتخابات کوکالعدم قرار دیا جائے ۔