چنیوٹ: درجنوں سنگین وارداتوں میں مطلوب 4 ڈاکو پولیس مقابلہ میں ہلاک
چنیوٹ (نامہ نگار) پولیس مقابلے کے دوران چار ڈاکو ہلاک، پولیس نے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کی تحصیل لالیاں میں گزشتہ رات لالیاں کے رہائشی عابد علی اور سفیر الحسن موٹرسائیکل پر واپس اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے حویلی موڑ کے قریب چار ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل سواروں کو روک لیا اور گن پوائنٹ پر چار ہزار روپے اور موٹر سائیکل چھین کر چک بہادر کی طرف فرار ہو گئے۔ اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ لالیاں رانا عمر دراز نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ڈاکوئوں کا تعاقب کرنا شروع کر دیا اسی دوران ڈاکو اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا، فائرنگ سے چار ڈاکو آصف، نواز، ابوبکر اور ایک نامعلوم ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ ڈاکو درجنوں سنگین وارداتوں میں ملوث تھے جن کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے بھاری اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا۔ ڈاکوئوں کے خلاف تھانہ لالیاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔