• news

متحدہ مذہب کو استعمال نہ کرے، صوبہ بنانا ہے تو آئینی طریقہ اپنائیں: پیپلزپارٹی

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پیپلزپارٹی نے کہا ہے ایم کیو ایم مذہب کو مخصوص سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ کرے، ہم سب مہاجرین  مکہ کے غلام ہیں، عوام کے جذبات نہ بھڑکائے جائیں، صوبہ بنانا چاہتے ہیں تو آئینی طریقہ اختیار کریں۔ سینیٹر رضا ربانی، قمر زمان کائرہ، نذر گوندل، تاج حیدر، چودھری منظور کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا قوم محرم الحرام  میں امن رواداری اور برداشت کے رویے اپنائے پیپلزپارٹی کے بارے میں گزشتہ چند دنوں سے حقائق سے متصادم خیالات کا اظہار کیا جارہا ہے، غلط زبان استعمال کی جاتی ہے گجرات جلسہ میں جو زبان استعمال ہوئی اُسے بازاری زبان کہیں تو بازاروں کی توہین ہوتی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی پاکستان کے وقار اور کشمیر کاز کونقصان پہنچانے کی سازش تھی جو ناکام ہوئی۔ نوازشریف، شہباز شریف اور خورشید شاہ بھی مہاجرین میں شامل ہیں‘ ہم نے ایم کیو ایم کو گلے سے لگایا، نائن زیرو بھی گئے، مہاجر قومی موومنٹ سے نام تبدیل کر کے الطاف حسین نے متحدہ قومی موومنٹ رکھا، آپ نے تو مہاجر کا نام ہی مٹا دیا اور آفاق احمد کی مہاجر قومی موومنٹ کے جھنڈے جن پر لفظ مہاجر لکھا ہوا تھا ان کو جلایا بھی گیا۔کیا یہ لفظ مہاجر کی توہین نہیں، ایم کیو ایم کے الگ ہونے سے بھی خورشید شاہ کو اپوزیشن لیڈر سے ہٹایا نہیں جا سکتا، نوازشریف استعفیٰ دینے کو تیار نہیں اور عمران خان استعفیٰ لئے بغیر جانے کو تیار نہیں پیپلز پارٹی میدان میں ہے اور رہے گی۔ مڈٹرم کا امکان نہیں، انہوں نے کہا  بجلی و گیس کی عدم فراہمی اور نرخوں میں اضافہ اصل مسئلہ ہے میڈیا شہبازشریف کی تین اور چھ ماہ والی انگلی کیوں نہیں دکھاتا، ایل این جی  اور نندی پور میں اربوں کی کرپشن ہوئی۔ الطاف حسین سے کہتے ہیں خورشید شاہ نے اسی وقت اپنی بات کی وضاحت کر دی، یہ سنگین معاملہ ہے، ایسی باتوں پر لوگوں کی جانوں کا ضیاع بھی ہو جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن