پیپلزپارٹی نے انتقام کے بجائے مفاہمت کی سیاست کو پروان چڑھایا: بلاول
پیرس (اے پی اے) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی نے ملک میں انتقام کے بجائے مفاہمت کی سیاست کو پروان چڑھایا اور جمہوری نظام کے تحفظ اور عوام کے حق حکمرانی کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دیں ،دہشت گردی سے ہماری معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا، شمالی وزیرستان میں آپریشن ’’ضرب عضب ‘‘ کامیابی سے جاری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجیدکے اعزاز میں پیرس کے میئر سیلوی اتمان میری نے استقبالیہ دیا پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ جہانگیر بدر ، چوہدری ریاض، عامر ذیشان جرال، عزا دار کاظمی اور پیپلزپارٹی فرانس کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان اور فرانس کے درمیان انتہائی دوستانہ تعلقات استوار ہیں ۔