جنسی مساوات انڈیکس : آئس لینڈ پہلے، پاکستان 141، بھارت 114 ویں نمبر پر
لاہور (بی بی سی) ورلڈ اکنامک فورم نے جنسی مساوات کے بارے میں رپورٹ میں کہا ہے کہ 2014ء میں جنسی مساوات میں پہلے نمبر پر آئس لینڈ ہے جبکہ پاکستان فہرست کے آخر سے دوسرے نمبر پر ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خواتین کی سیاست اور نوکریوں تک زیادہ رسائی کے باعث جنسی مساوات میں گذشتہ دس سالوں میں 2014ء میں سب سے زیادہ بہتری آئی ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے جنسی مساوات کے انڈیکس میں 142 ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ اس درجہ بندی کے مطابق آئس لینڈ پہلے نمبر پر، یمن آخری اور پاکستان 141ویں نمبر پر ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ کے مطابق پاکستان خواتین کیلئے معیشت میں حصہ لینے اور مواقع کے اعتبار سے 142 ممالک میں سے 141ویں نمبر پر ہے۔ تعلیم کے حصول کے شعبے میں پاکستان 132ویں نمبر پر ہے جبکہ صحت کے شعبے میں 119ویں نمبر پر ہے۔ سیاست کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا نمبر 85واں ہے۔ جنسی مساوات کے حوالے سے افریقہ کے ملک روانڈا نے سب سے زیادہ پیشرفت کی ہے۔ وہ افریقہ کا پہلا ملک ہے جو اس فہرست میں ساتویں نمبر پر آیا ہے۔ برطانیہ جو پچھلے سال 18ویں نمبر پر تھا اس سال 26ویں نمبر پر ہے۔ برکس ممالک میں سب سے آخری نمبر پر بھارت رہا۔ بھارت پچھلے سال صنفی مساوات کی درجہ بندی میں 101ویں نمبر پر تھا لیکن اس سال 114ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ سیاست میں خواتین کی شمولیت کے حوالے سے بھارت عالمی سطح پر 15ویں نمبر پر ہے جبکہ امریکہ 54ویں اور برطانیہ 33ویں نمبر پر ہے۔