طاہر القادری کے ہمراہ جانیوالے شخص کو ایف آئی اے نے روک لیا
لاہور (آئی این پی) عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کے ہمراہ جانے والے شخص کو کاغذات مکمل نہ ہونے پر ایف آئی اے نے ائر پورٹ پر ہی روک لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ائر پورٹ پر طاہرالقادری کے ہمراہ جانے والے احمد بصیر نامی شخص کو ایف آئی اے اور اے ایس ایف نے روک لیا۔ طاہرالقادری کے ہمراہ جانے والے احمد بصیر کے پاس کینیڈا کے پاسپورٹ کے علاوہ کوئی پاکستانی شناخت اور کوائف موجود نہیں تھے۔ تفتیش کرنے پر معلوم ہوا کہ احمد بصیر کا لاہور ایئر پرٹ پر انٹری کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔ ایف آئی اے حکام نے کاغذات طلب کیے تو موصوف نے بتایا کہ بیگ میں ہیں،، تاہم پھر بتایا کہ وہ تو پاکستان آتے ہوئے کراچی ائر پورٹ پر اترے تھے۔علامہ طاہرالقادری کو ائرپورٹ پر چھوڑنے آئے افراد اور صدر عوامی تحریک رحیق عباسی احمد بصیر کو اپنے ہمراہ واپس لے گئے۔اس سے قبل پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ علامہ طاہر القادری دورے پر اکیلے جارہے ہیں۔