• news

دھرنوں کی ناکامی سے سبق سیکھ کر احتجاجی عناصر تعمیری سیاست کریں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے اور موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ یوم آزادی پر قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر خود تقسیم ہو چکے ہیں اور دھرنا سیاست ناکامی سے دوچار ہو چکی ہے۔ دھرنوںکے باعث معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور تخریبی سیاست کرنے والے عناصر نے ملک و قوم کے خلاف سازش کرکے چین کے صدر کا دورہ ملتوی کرایا جس سے اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری کے منصوبوں کو دھچکا لگا ہے۔ احتجاجی عناصر کو دھرنوں کی ناکامی سے سبق سیکھ کر تعمیری سیاست کرنی چاہئے۔ ہمت، محنت، عزم اور حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کریں گے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ وہ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے گذشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو پاکستان کے عوام نے 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے اور یقین دلاتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھے گی اور عوامی توقعات پر پورا اترے گی۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے لیکن بعض عناصر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی پٹری سے اتارنے کی ناپاک سازش کر رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام جان چکے ہیں کہ ان کی بے لوث خدمت کون کر رہا ہے اور انتشار کی سیاست کون؟ مٹھی بھر عناصر ملک و قوم کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ دھرنا سیاست کرنے والوں کے منفی طرز عمل سے قومی معیشت کو دھچکا لگا ہے۔ ملک کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ یہ وقت کسی بھی صورت میں ملک و قوم کو ذاتی مفادات کی تکمیل کیلئے تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ متحد ہو کر کام کرنے کا ہے۔ ملک کو آگے لے جانے کیلئے اتفاق رائے اور باہمی افہام و تفہیم کے اصولوں پر چلنا ہوگا۔ ملک کو اندھیروں سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ دھرنوں کے باعث بجلی کے منصوبوں میں ہونے والی تاخیر کا ازالہ کریں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کی انتظامی کونسل میں پاکستان کیلئے نشست حاصل کرنے پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلیٰ افسران کو مبارکباد دی ہے۔ مزید براں شہباز شریف نے سابق کمشنر کامران اشرف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں وسیم اختر شیخ کے والد کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن