• news

’’بلاول میری کوئی بات نہیں مانتا‘‘ زرداری کا قریبی دوستوں کے سامنے اعتراف

اسلام آباد (آئی این پی) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اپنے صاحبزادے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سامنے بے بس ہوگئے‘ بلاول میری کوئی بات نہیں مانتا‘ زرداری کا قریبی دوستوں کے سامنے اعتراف۔ پیپلز پارٹی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری بلاول بھٹو کی متنازعہ تقاریر کی وجہ سے سخت پریشان ہیں‘ بلاول بھٹو نے اپنی تقاریر میں بیک وقت مسلم لیگ ن‘ متحدہ قومی موومنٹ اور تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی اور متحدہ کے درمیان سندھ میں سخت کشیدگی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے کئی سینئر رہنمائوں کے علاوہ بعض قریبی دوستوں نے اس صورتحال پر سابق صدر زرداری سے بات کی کہ وہ بلاول کو سمجھائیں بیک وقت اتنے محاذ نہ کھولے جائیں جس پر آصف زرداری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ ’’نوجوان اولاد کہاں سنتی ہے‘‘ میں نے اسے بہت سمجھایا ہے وہ میری ایک نہیں سنتا۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے بھی اپنے والد آصف زرداری کو نظر انداز کرکے تمام سینئر رہنمائوں کو فارغ کرکے نوجوان رہنمائوں کو آگے لانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن