• news

بھارتی وزیراعظم کیخلاف عالمی عدالت جائیں گے: برطانوی ارکان پارلیمنٹ، گہرے تعلقات ہیں، مداخلت نہیں کریں گے: ڈیوڈ کیمرون

لندن (آئی این پی )برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر بھارتی وزیر اعظم کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جانے کا اعلان کر دیا۔ برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہو گا۔ بھارت سے تمام تنازعات بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دیا جائے گا۔ لندن میں ہونے والے کامیاب مارچ سے دنیا کو پیغام ملا کہ کشمیر مظلوم قوم ہے۔ برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم قابل مذمت ہیں۔ جس کے خلاف لندن میں احتجاج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ان مظالم پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جائیں گے۔
 لندن (آن لائن) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایک بار پھر اس عزم کو دوہرایا ہے کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر بارے کوئی مداخلت نہیں کریگا ۔ جبکہ بھارت کے ساتھ گہرے دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اور برطانیہ کو متعدد یکساں چیلنجز درپیش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اقتصادی اور تجارتی ترقی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک انتہا پسندی اور دہشتگردی کیخلاف لڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ چیلنجز ہیں جو دونوں ممالک کو یکساں طور پر درپیش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں اسی ہزار سے زائد ہندو رہائش پذیر ہیں اور وہ برطانوی معیشت میں اہم کردار اداکررہے ہیں اور ان کا ہمارے الیکشن میں بھی اہم حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان ہندئوں کی آواز کو سنیں ۔

ای پیپر-دی نیشن