جنرل راحیل سے چینی قومی سلامتی کے نائب وزیر کی ملاقات، امریکی نمائندہ خصوصی بھی ملے
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے چینی قومی سلامتی کے نائب وزیر ماجیان نے گذشتہ روز یہاں جنرل ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور مجموعی علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ علاوہ ازیں آرمی چیف راحیل شریف سے امریکی نمائندہ خصوصی نے بھی ملاقات کی جس میں خطے کی سکیورٹی کی صورتحال اور افغانستان پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سے نائجیرین ائر فورس کے چیف آف ائر سٹاف ائر مارشل ادی سولا ننیاین اموس نے گذشتہ روز ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں شخصیات نے سلامتی کی موجودہ صورتحال اور عسکری سطح پر تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ نائجیرین ائر چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور حربی مہارتوں کو سراہا۔ نائجیرین ائر چیف نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔