• news

شیخوپورہ: 7بہنوں کا بھائی قتل: سانگلہ اور شرقپور میں 2خواتین کو ما ڈالا

شیخوپورہ+ سانگلہ ہل+ شرقپور شریف (نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) شیخوپورہ میں رکشہ کی سواریاں بٹھانے پر جھگڑے کے دوران 7بہنوں کے اکلوتے بھائی اور خاندان کے واحد کفیل کو قتل کر دیا گیا جبکہ شرقپور شریف میں زمین کے تنازعہ پر حاملہ خاتون کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ سانگلہ ہل میں گھریلو ناچاقی پر سسرالیوں نے خاتون کو برف کے سوئے مار مار کر قتل کرنے کے بعد گلے میں پھندا ڈال کر موت کی نیند سلا دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ بھکھی کے علاقہ فیروزوٹواں ڈیرہ چاہ پیر میں رکشہ کی سواریاں بٹھانے پر جھگڑے پر ملزمان لیاقت علی، شفاقت، غفور، شوکت، ریاست، عمران وغیرہ نے ڈنڈوں، سوٹوں سے وحشیانہ تشدد کرکے غلام عباس شاکر کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور ایک شخص منیر احمد کا جبڑا توڑ دیا، مقتول اپنے رکشہ پر بچوں کو سکول چھوڑ کر واپس آ رہا تھا کہ ملزمان نے اس پر حملہ کر دیا، مقتول سات بہنوں کا اکلوتا بھائی اور خاندان کا واحد کفیل تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔زمین کے تنازعہ پر موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کر دیا۔ ادھر شرقپور شریف کے نواحی گائوں پرانی بھنئی کے قیصر مصطفی جو اپنی بیوی اور بہن کے ہمراہ شرقپور سے دوائی لے کر گائوں جا رہا تھا جب وہ دربار عمردی جھگی کے قریب پہنچے تو دو موٹر سائیکل پر سوار افراد نے سدرہ  بی بی کو موٹر سائیکل سے نیچے اُتار لیا اور فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سدرہ بی بی موقع پر ہلاک ہوگئی۔ اس کا شوہر اور بہن محفوظ رہے بتایا گیا ہے کہ اس کا عرصہ سے بھولاوغیرہ کے ساتھ زمین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ ادھر سانگلہ ہل کے نواحی چک نمبر40 ہمراجپورہ سے ملحقہ جناح آبادی میں سسرالیوں نے گھریلو ناچاقی پر 21سالہ کوثر پروین پر برف کے سوئوں پے در پے وار کرکے جسم چھلنی کر دیا اور گلے میں پھندا ڈال کر موت کی نیند سلا دیا۔ جناح آبادی کے رہائشی محمد اکرم کی شادی ایک سال قبل صفدر آباد کی رہائشی کوثر پروین سے ہوئی تھی، شادی کے بعد سے ہی کوثر پروین کی اپنی ساس، سسر اور نندوں سے اکثر لڑائی جھگڑ ا رہتا تھا۔ پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن