• news

پنجاب میں سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے تبادلوں اور پرائیویٹ اکیڈمیوں میں پڑھانے پر پابندی

لاہور (کامرس رپورٹر+ لیڈی رپورٹر) محکمہ تعلیم پنجاب نے سرکاری سکولوں میں اساتذہ و ہیڈ ٹیچرز کے تبادلوں پر پابندی عائد کر دی۔ محکمہ تعلیم حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ صوبہ بھر میں سرکاری سکولوں میں ہر قسم کے تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی اور یہ پابندی تاحکم ثانی عائد رہے گی۔ صوبہ بھر کی تمام اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ صوبے کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ تعلیم پنجاب نے سرکاری سکولوں اورکالج اساتذہ کے اکیڈمیوں میں پڑھانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کیلئے اکیڈمیوں سے ایسے اساتذہ کی فہرستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ اس حوالے سے جب سرکاری سکولوں اور کالجوں کے سربراہان سے بات کی گئی تو انہوں نے حکومتی اقدام پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ کے پرائیویٹ اکیڈمیوں میں پڑھانے کی شکایات عام ہیں، آج کل پڑھائی کا سیزن عروج پر ہے مگر بھاری معاوضوں پر اکیڈمیوں میں پڑھانے والے اساتذہ یہاں آنے والے بچوںکو محروم رکھتے ہیں جو سخت بددیانتی اور طالبعلم کی حق تلفی ہے۔ پابندی کے حکم پر عملدرآمد سے تعلیم کا معیار بہتر ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن