اختلافات ختم، ق لیگ اور عوامی تحریک کا ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ اور عوامی تحریک نے مستقبل میں ایکدوسرے کیساتھ تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم دونوں جماعتوں کو ایکدوسرے کے خلاف جو تحفظات تھے انہیں ختم کرنے میں (ق) لیگ کے چودھری پرویز الٰہی اور عوامی تحریک کے ڈاکٹر طاہر القادری نے بنیادی کردار ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے سنیٹر کامل علی آغا اور ڈاکٹر رحیق عباسی کے ذمے لگایا تھا کہ آپس میں مل بیٹھ کر تمام چھوٹے موٹے اختلافات طے کرلئے جائیں۔ سنیٹر کامل علی آغا نے نوائے وقت کو بتا یا کہ (ق) لیگ کو عوامی تحریک سے جو تحفظات تھے مینار پاکستان پر عوامی تحریک کے جلسہ عام سے پہلے ہی ختم ہوگئے تھے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ (ق) لیگ کی قیادت کے مثبت رویئے کے باعث ہمارے درمیان پہلے جیسی ہی اخوت اور محبت قائم ہے اور رہے گی۔