• news

عمران عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے دھرنا ختم کر دیں: زعیم قادری

لاہور (پ ر) ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عمران خان کو انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواستیں مسترد ہونے کے عدالت عظمٰی کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئے۔ عدالت عظمٰی کے تاریخی فیصلے کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ فیصلے سے دھاندلی کا شور مچانے والوں کے عزائم خاک میں مل گئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں زعیم حسین قادری نے کہا کہ عمران خان چیف جسٹس کی ایمانداری کی تعریف کر چکے ہیں وہ ان کے فیصلے کا بھی احترام کریں اور اس فیصلے کی روشنی میں اپنا دھرنا جلد از جلد ختم کریں۔ قوم میں مایوسی نہ پھیلائیں اور نظام کو آگے چلنے دیں۔ وہ بے مقصد جلسے جلوسوں کی بجائے اپنی صلاحیتیں تعمیری کاموں پر صرف کریں۔ نیا پاکستان بنانے کے دعویدار پہلے نیا خیبر پی کے تو بنا کر دکھائیں۔ مٹھی بھر عناصر ملکی ترقی کا راستہ نہیں روک سکتے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کی خوشحالی کی طرف سفر جاری رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن