طاہر القادری کیخلاف 40 مقدمات کا ریکارڈ طلب کرنے کیلئے درخواست مسترد
لاہور (وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کیخلاف 40 مقدمات کا ریکارڈ طلب کرنے اور تفتیش کی پیشرفت جاننے کیلئے دائر درخواست اعتراض لگا کر مسترد کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے امجد علی کی طرف سے دائر درخواست پر بطور اعتراض کیس سماعت کی۔ درخواست گزار نے بتایا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے اقدامات سے ملک بھر کے عوام متاثر ہوئے۔انکے خلاف پنجاب سمیت مختلف اضلاع میں 40 مقدمات درج ہو چکے ہیں جن میں سے 11 مقدمات دہشت گردی اوردیگر سنگین جرائم کی دفعات کے تحت درج۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیکرٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی پولیس سے طاہر القادری کیخلاف درج چالیس مقدمات کا ریکارڈ اور ان میں مقدمات میں تفتیش کی پیشرفت سے متعلق رپورٹ طلب کی جائے تاہم عدالت نے استدعا منظور نہ کی۔