بجلی کے صارفین سے اضافی بلوں کی وصولی پر اس ماہ ایڈجسٹمنٹ شروع کر دی: عابد شیر
اسلام آباد (آئی این پی) پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے فیصلے کے مطابق بجلی کے صارفین سے اضافی بلوں کی وصولی پر صارفین کے اس ماہ کے بلوں میں ایڈجسٹمنٹ شروع کر دی گئی ہے‘ مکمل تفصیلات سے جلد پریس کانفرنس کے ذریعے عوام کو آگاہ کریں گے۔ عابد شیر علی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اگست کے بجلی بلوں میں اضافی پیسے وصول کرنے کی شکایات کا وزیراعظم نوا زشریف نے سختی سے نوٹس لیا تھا اور اکتوبر کے بلوں میں عوام سے زیادتی کے ازالے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں اور بلوں میں ایڈجسٹمنٹ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ عوام کو ہر صورت میں ریلیف دیا جائے گا۔ ملک بھر سے اس بارے میں مکمل تفصیلات لے کر جلد میڈیا کے ذریعے قوم کو آگاہ کیا جائیگا۔