بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صنعتی شعبے اور دیہات میں لوڈشیڈنگ کادورانیہ کم کردیا
لاہور (کامرس رپورٹر) ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے باعث درجہ حرارت گرنے کے ساتھ ہی بجلی کی طلب میں کمی ہوگئی۔ بجلی کی طلب کم ہونے کے باعث تقسیم کار کمپنیوں نے صنعتی شعبے اور دیہی علاقوں کیلئے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کردیا۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب اور پیداوار میں فرق کم ہو کر ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ تک آجانے کے باعث گزشتہ روز گھریلو اور کمرشل شہری صارفین کیلئے 6 گھنٹے، صنعتی شعبے کیلئے 5 سے 7 گھنٹے اور دیہی علاقوں کے صارفین کیلئے 8 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ملک میں بجلی کی مجموعی طلب 15 ہزار میگاواٹ جبکہ بجلی کی پیداوار 10 ہزار 450 میگاواٹ کے لگ بھگ ریکارڈ کی گئی۔