بھارت کی پاکستان کو پولیو کے خاتمے کیلئے ایک بارپھر تعاون کی پیشکش
نئی دہلی (اے این این) بھارت نے پاکستان کوایک بارپھر پولیو کے خاتمے کیلئے ہرممکن تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ بدقسمتی سے پاکستان تاحال ان مٹھی بھر ملکوں میں شامل ہے جہاں پولیو کا مرض ابھی ختم نہیں ہو ا تاہم وزیراعظم نواز شریف پولیو کے خاتمے کے لیے بہت پر عزم نظر آتے ہیں۔ بھارت کے مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے برطانوی نشریاتی ادارے کو ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان میں ان تمام پروگراموں اور منصوبوں پر عمل کیا جا سکتا ہے جن کی بدولت بھارت کو پولیو سے نجات حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے۔ گزشتہ ہفتے پولیو کے عالمی دن کے موقعے پر بھی میں نے یہ پیش کش کی تھی۔ ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ جس طرح دوسرے ملکوں نے ہماری مدد کی تھی اسی طرح ہم بھی ان ملکوں کی مدد کریں جہاں یہ وائرس ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈبلیو ایچ او سے کہا ہے کہ پاکستان ہمیں جس طرح کی مدد کے قابل سمجھتا ہے، ہم کرنے کو تیار ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں پاکستان اور بھارت میں آبادی کے لحاظ سے زمینی صورت حال ایک سی ہے، اس لیے جو حکمت عملی ہم نے بھارت میں استعمال کی اسے پاکستان میں بھی استعمال کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ ہرش وردھن نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے بہت پر عزم نظر آتے ہیں اور یہ کہ مجھے یقین ہے کہ جس طرح بھارت کو پولیو سے پاک ملک کا سرٹیفیکیٹ ملا ہے، اسی طرح پاکستان کو بھی بہت جلد ٹھوس کامیابی ملے گی۔