• news

پاکپتن: عرس بابا فریدؒ، سجادہ نشین آج بعد نماز عشاء بہشتی دروازہ کھولیں گے

پاکپتن (پیر امداد حسین سے)سلسلہ چشتیہ کے عظیم بزرگ حضرت با با فرید الدین مسعو د گنج شکرؒ کے 772ویں سالانہ عرس کی تقریب بہشتی دروازہ کی قفل کشائی آج بعد نمازعشاء منعقد ہو گی، سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی اپنے ولی عہد دیوان احمد مسعود چشتی کے ہمراہ بہشتی دروازہ کی قفل کشائی کریں گے۔ اندرون ملک اور بیرون ملک سے بڑی تعداد میں زائرین کی آمدکا سلسلہ جاری ہے، زائرین عقیدت مندوں میں طرح طرح کے اعلیٰ قسم کے کھانوں کا لنگر تقسیم کر رہے ہیں ۔ زائرین کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کی طرف سے قیام و طعام کا کوئی معقول انتظام نہیں کیا گیا ہے، اسی طرح زا ئرین کے لیے پینے کے پانی اور وضو خانوں کا بھی کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں کیا گیا ہے محکمہ اوقاف کی چشم پو شی کے باعث دربار شریف پر زا رین پاپوش ٹھیکیدار اور واش روم کے ٹھیکیدار کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ 15 روزہ تقریبات کے نویں روز ولی عہد سجادہ نشین دیوان احمد مسعود چشتی فاروقی نے رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر دیوان عظمت سید محمد چشتی، محسن فریدی، میاں عبدالعزیز ہانس سمیت اندورون ملک اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے ہزاروں عقیدت مند موجود تھے۔ زائرین میں سلسلہ چشتیہ کا روائتی لنگر پسی ہوئی چینی، مٹی کی ڈو لیوں میں شر بت تقسیم کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن