چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی : پارلیمانی کمیٹی خورشید شاہ کے سپریم کورٹ کو خط کا جائزہ لے گی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + ایجنسیاں) چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی نے سپریم کورٹ میں خورشید احمد شاہ کی طرف سے دائر درخواست کی نقل حاصل کرکے جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر محمد رفیق رجوانہ کی زیر صدارت ہوا۔ درخواست کی نقل حاصل کرکے جائزہ لیا جائے گا کہ کن وجوہات کی بناء پر انہوں نے سپریم کورٹ سے وقت مانگا ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن شہریار آفریدی نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ چھ ارکان کا تعلق مسلم لیگ ن، تین کا تعلق پیپلزپارٹی اور ایک ایک رکن کا تعلق تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی اور ایم کیو ایم سے ہے۔