جنوبی وزیرستان: امریکی ڈرون حملہ میں اہم حقانی کمانڈر سمیت 7 دہشت گرد ہلاک
وانا (اے ایف پی+ نوائے وقت رپورٹ) جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے گائوں نرگس میں امریکی ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کے اہم کمانڈر سمیت 7 دہشت گرد مارے گئے۔ یہ حملہ جنوبی وزیرستان کے علاقہ وانا سے 30 کلومیٹر دور برمل ایریا میں کیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ مرنے والوں میں حقانی نیٹ ورک کا کمانڈر عبداللہ حقانی بھی شامل ہے جو افغانستان میں خودکش بمبار بھیجتا تھا۔ بنوں میں مقیم ایک اہلکار نے بھی کمانڈر کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق یہ حملہ جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں ہوا۔ اشرف وزیر کے گھر پر 4 میزائل داغے گئے۔ حملے میں عرب کمانڈر عادل اور ان کے 3 ازبک ساتھی مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے ان تمام عرب اور ازبک دہشتگردوں کا تعلق حقانی نیٹ ورک سے بتایا جاتا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جس گھر کو نشانہ بنایا گیا دہشتگرد اسے مرکز کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ رواں سال جنوبی اور شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کی جانب سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور گاڑیوں پر پندرہ حملے کئے گئے جن میں سے 2 حملے جنوبی وزیرستان جبکہ 13 حملے شمالی وزیرستان میں کئے گئے ہیں۔ ان حملوں میں درجنوں دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔ پاکستان نے اس ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے حملے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے ہیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان مسلسل کہہ رہا ہے کہ یہ حملے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان پہلے ہی دہشت گرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کر رہا ہے اس لئے اس طرح کے حملے غیر ضروری ہیں جنہیں روکا جانا چاہئے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ڈرون حملوں کا معاملہ امریکہ کے ساتھ ہر سطح پر اٹھایا ہے۔