بلوچستان: بھارت ، افغانستان سے لایا گیا 4 ہزار کلو بارود برآمد، دونوں ممالک کی ایجنسیاں تخریب کاری میں ملوث ہیں: صوبائی وزیر داخلہ
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے محرم الحرام کے موقع پر صوبے میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے فرنٹیئر کور نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے تحصیل گلستان کے علاقے میں چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرکے ایک مشتبہ شخص محمد اسلم کو گرفتار کرلیا ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا چھاپے کے دوران برآمد کئے گئے اسلحے اور گولہ بارود میں 4000 کلو گرام بارودی مواد شامل ہے۔ تفتیش کے مطابق مذکورہ اسلحہ اور گولہ بارود ملک دشمن عناصر ہمسایہ ملک سے لائے تھے اور اسے بلوچستان بالخصوص کوئٹہ اور گردونواح میں دہشتگردی کے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتے تھے جسے ناکام بناتے ہوئے فرنٹیئر کور بلوچستان نے بالخصوص کوئٹہ کو بڑی تباہی سے بچالیا۔ واضح رہے اس سے پہلے بھی رواں سال فرنٹیئر کور بلوچستان نے قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ کی فیکٹری اور ذخیرہ شدہ گولہ بارود برآمد کیا تھا جو ہمسایہ ملک سے لایا گیا تھا۔ دریں اثناء فرنٹیئر کور بلوچستان نے 25اکتوبر کو کارروائی کرتے ہوئے یارو کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا تھا جبکہ 25اکتوبر ہی کو مستونگ کے علاقے کلی کانک سے بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا تھا۔ برآمد کئے جانے والے اسلحہ و بارود میں چار ہزار کلوگرام دھماکہ خیز مواد، 101 چھوٹے میزائل، 18 تیار خودکش جیکٹس، 107 ایم ایم کے 110 راکٹ، 31 کلاشنکوفیں، 35 عدد رائفلیں، 13 واکی ٹاکی سیٹ، دستی بم اور فیوز وغیرہ شامل ہیں۔ نیٹ نیوز کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاہے اسلحہ و بارود بھارت اور افغانستان سے لایاگیا تھا۔ صوبے کے چار اضلاع میں کارروائیاں کی گئیں۔ میڈیا بریفنگ میں ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئر طاہر نے بتایا سارا مواد ہمسایہ ملک سے لایا گیا اورفورسز نے موقع سے ایک مشتبہ افغان باشندے کو بھی گرفتار کیا ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا صوبے میں داعش کا کوئی وجود نہیں، امن و امان خراب کرنے میں بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان خفیہ ایجنسی ملوث ہیں۔