• news

بھارتی فوج نے شہید پاکستانی کسان کا جسد خاکی واپس کردیا

سیالکوٹ+شکر گڑھ  (نامہ نگاران)بھارتی فورسز نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن کے شکر گڑھ سیکٹر پر فائرنگ کرکے شہید کئے جانے والے پاکستانی کسان کا جسد خاکی 36گھنٹے بعد پاکستان چناب رینجرز کے حکام کے حوالے کردیا ہے۔ شکرگڑھ سیکٹر کے گائوں جنیالہ کے رہائشی 30سالہ کسا ن توقیر خان کو ایک روز قبل بھارتی سیکورٹی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کرکے اس وقت شدید زخمی کردیا تھا جب وہ دو دیگر کسان ساتھیوں کے ہمراہ وہ ورکنگ بائونڈری کی زیرولائن پر اپنے کھیتوں میں کام کررہا تھا۔ بھارتی فورسز کے اہلکار اسے زخمی حالت میں اپنے علاقہ میں لے گئے تھے جہاں وہ طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے شہید ہوگیا تھا۔ پاکستانی حکام کے احتجاج کے بعد بھارتی فورسز نے شہید ہونے والے پاکستانی کسان کا جسد خاکی جمعرات کی شام ساڑھے پانچ بجے پاکستان چناب رینجرز کے حوالے کیا حالانکہ یہ نعش پروگرام کے مطابق دوپہر بارہ بجے چناب رینجرز کے حکام کے حوالے کی جانی تھی۔ پاکستان چناب رینجرز نے متوفی کا جسد خاکی اس کے ورثاء کے حوالے کردیا ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کی جارحیت کیخلاف عارف خان، اجمل خان، غلام مرتضیٰ خان، اسرار خان، عامر خان، اسلام خان ، خالد خان، ریاض خان، رانا جعفر، انوار خان، اظہر خان سمیت سینکڑوں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے انٹرنیشنل بائونڈری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے، معصوم لوگوں کو گولی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں جلالہ گائوں میں صف ماتم بچھ گئی۔

ای پیپر-دی نیشن