آڈٹ کمپنیوں کی بجلی بلوں میں اووربلنگ کی تصدیق، عبوری رپورٹ وزیراعظم کو پیش
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آڈٹ کمپنیوں نے عبوری رپورٹ میں بجلی کے بلوں میں اووربلنگ کی تصدیق کردی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے آڈٹ کی سپیشل عبوری رپورٹ کے مطابق جولائی میں تین ارب 48 کروڑ 80 لاکھ روپے کے اضافی بل بھیجے گئے۔ دوسری آڈٹ کمپنی کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2014 میں دو ارب 38 کروڑ 90 لاکھ روپے کی اووربلنگ ہوئی۔ حکومت کی طرف سے مقررہ آڈٹ کمپنیوں کی عبوری رپورٹ وزیراعظم کو بھجوادی گئی۔ دو آڈٹ کمپنیوں نے اووربلنگ کے معاملے پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا جولائی 2014ء کا آڈٹ کیا، جولائی 2014ء کے بجلی بلوں کا جولائی 2013ء کا موازنہ کیا گیا۔ جولائی 2014ء میں جولائی 2013ء کے مقابلے میں بجلی کی فروخت 11 فیصد زائد رہی۔ وزارت پانی و بجلی آج وزیراعظم کو وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں رپورٹ پر جواب دے گی۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق جولائی کے زیادہ بل آنے کی وجہ رمضان اور عید کی چھٹیوں میں بجلی کا زیادہ استعمال ہے۔ عید کی چھٹیوں کے باعث بروقت میٹر ریڈنگ نہ ہوئی اور30 دن سے زائد بلنگ ڈالی گئی۔ بجلی کی اووربلنگ کی وجوہات میں میٹر ریڈنگ سٹاف کی غلطیاں بھی ہیں۔ وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے اووربلنگ پر حتمی آڈٹ رپورٹ آئندہ ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں پیش کردی جائے گی۔