محکمہ جنگلات بہاولنگر کا کلرک قومی خزانے کو4 کروڑ کا نقصان پہنچا کر دبئی فرار
لاہور (چودھری اشرف) محکمہ جنگلات کا کلرک سرکاری خزانے کو4 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا کر بیرون ملک فرار ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق 2010ء سے لیکر 2014ءکے دوران بہاولنگر میں واقع محکمہ جنگلات کے دفتر میں تعینات کلرک رشید نے سرکاری ملازموں کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے عوض سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے نکلوائے جو ملازمین میں تقسیم نہیں کئے گئے۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ تمام گھپلے میں ڈائریکٹر بجٹ خود بھی ملوث رہے ہیں جو معمولی کمشن کے عوض کلرک کو تنخواہوں اور پنشن کی مد میں لاکھوں روپے جاری کرنے کے احکامات آنکھیں بند کرکے جاری کرتے رہے۔ بجٹ ڈیپارٹمنٹ سے بعض افسران جو اس تمام سازش میں شریک رہے ہیں خود بھی ریٹائر ہو چکے ہیں۔ اگر غیر جانبداری سے انکوائری کی جائے تو اس سے بھی بڑے گھپلے سامنے آنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات بہاولنگر کا کلرک رشید 4 کروڑ روپے کا غبن کرکے اس وقت دبئی فرار ہو چکا ہے جبکہ محکمہ کے بعض افسران کی جانب سے اپنے آپ کو بچانے کی غرض سے گھپلے کو 2010 سے پرانا قرار دے رہے ہیں تاکہ سابق ریٹائر ہونے والے سرکاری افسران پر اس کی ذمہ داری عائد کی جا سکے۔ محکمہ جنگلات کے ناظم اعلی شبیر احمد رانا سے اس سلسلہ میں رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کی جا رہی ہے کہ تنخواہوں اور پنشن کی مد میں کب اور کتنا نقصان ہوا ہے۔ بہاولنگر میں تعینات کلرک رشید کی بھی انکوائری کمیٹی کے سامنے طلبی کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔
جنگل / نقصان