• news

وسائل کی شدید قلت، تحریک انصاف کی ٹیم فنڈ ریزنگ کیلئے امریکہ، یورپ جائیگی

لاہور (جواد آر اعوان/ نیشن رپورٹ) آزادی مہم کو چلانے میں فنڈز کی کمی کے باعث تحریک انصاف نے 3 سے 4 ارکان پر مشتمل ٹیم کو فنڈ ریزنگ کیلئے امریکہ اور یورپ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ماہ تحریک انصاف نے پنجاب میں بھی عطیات کے حصول کی خصوصی مہم شروع کی ہے۔ تحریک انصاف کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ”دی نیشن“ کو بتایا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے پارٹی کو فنڈز کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے فیصلہ کیا گیا تھا کہ پارٹی چیئرمین فنڈ ریزنگ کیلئے بیرون ملک دورہ کریں تاہم انکے جانے سے بڑے پیمانے پر پروپیگنڈہ مہم شروع ہونے کے خطرے کے باعث یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا اس حوالے سے پنجاب میں اس ماہ شروع کی گئی فنڈ ریزنگ مہم میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے خواہاں ارکان سے 3 لاکھ اور قومی اسمبلی کے امیدوار بننے کے خواہشمندوں پر 6 لاکھ روپے کے فنڈز لازم کئے گئے ہیں۔ یاد رہے عمران نے کچھ عرصہ قبل کنٹینرز پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگلے الیکشن میں وہ پارٹی ٹکٹ تقسیم کرنے کے معاملے کی خود نگرانی کرینگے اور صرف اہل امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جائینگے۔ پارٹی رہنما اسد عمر نے بتایا کہ فنڈ ریزنگ کی ٹیم کیلئے ابھی تک پارٹی رہنماﺅں کے نام فائنل نہیں کئے گئے۔ عاشورہ کے بعد اس ٹیم کی تشکیل کر دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد مہم عروج پر ہے اور اس دوران عمران باہر نہیں جا سکتے۔ اسد عمر نے تصدیق کی آزادی دھرنے پر ساڑھے بارہ لاکھ جبکہ پورے مہینے میں 3 کروڑ 75 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ 30 نومبر کو دھرنا دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دوبارہ دھرنا نہیں ہو گا بلکہ ایک جارحانہ اقدام ہو گا۔ ایک اور رہنما نے کہا کہ ہم نے دھرنے کا منصوبہ 3 دن سے زیادہ کا نہیں بنایا تھا۔
تحریک انصاف مہم

ای پیپر-دی نیشن