کوئٹہ: مختلف واقعات میں لیویز اہلکار سمیت 3 افراد قتل، 2 اغوا، ہزار گنجی میں بم دھماکہ
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ اور اس کے نواح میں مختلف واقعات کے دوران لیویز اہلکار سمیت 3 افراد قتل جبکہ 2 افراد کو اغوا کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پشین میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ نامعلوم افراد نے ٹیوب ویل پر کام کرنے والے شخص فضل محمد کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ مزید برآں کوئٹہ کے نواحی علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ لیویزکے مطابق مارگٹ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے لیویز اہلکار فرزند علی کو قتل کردیا ۔ سوراب کے علاقے سے نامعلوم افراد نے دو افرادثناءاللہ اور امان اللہ اغوا کر لیا ۔ دریں اثناءپشین کے علاقے حرمزئی سے لیویز نے ایک شخص کی گولیوں سے چھلنی نعش قبضے میں لیکرہسپتال پہنچادی جس کی شناخت عبدالہادی کے نام سے ہوئی۔ لیویز نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی۔ لیویز نے تمام واقعات کے مقدمات درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ مزید برآں کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی لنک روڈ کے قریب کچرہ دان میں بم نصب کیا گیا تھا جو دھماکے سے پھٹ گیا جب دھماکہ ہوا اس وقت ایف سی کی کانوائے وہاں سے گزر چکی تھی دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی گھروں دکانوں اور فلائٹس کے شیشے ٹوٹ گئے۔
3 قتل