نصاب تعلیم سے نکالے گئے اسلامی مضامین بحال کئے جا رہے ہیں: وز یر تعلیم خیبر پی کے
پشاور (رائٹرز) خیبر پی کے میں نصاب تعلیم سے نکالی گئی جہاد کی آیات دوبارہ شامل کرنے اور بے پردہ خواتین کی تصاویر نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خبر پی کے حکومت کی جانب سے کیمسٹری، فزکس، انگلش، تاریخ اور جغرافیہ کے نصاب میں تبدیلی کی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کے افسر بشیر حسین شاہ کے مطابق نصاب میں جہاد کی آیات نکال دی گئی تھیں مگر دوبارہ شامل کی جائے گی۔ جماعت اسلامی کے رہنما عنایت اللہ نے کہا کہ یہ آیات اشکال پر نہیں بلکہ طلبہ کو یہ بتاتی ہیں کہ جہاد کب لازم ہوتا ہے۔ نصاب میں اسلامی تعلیمات کی جگہ غیرمسلموں جیسے امریکی ہیلن کیلر ہندو رہنما راجہ داہر سے متعلق مضامین کو دوبارہ اسلامی مضامین سے تبدیل کر دیا جائے گا۔ اے این پی نے اپنے دور اقتدار میں مذہبی مواد ختم کر کے نصاب تعلیم دوبارہ ترتیب دیا تھا۔ ایک کتاب میں کشمیر کو بھارت کے نقشے میں ظاہر کیا گیا تھا۔ صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے کہا کہ اب پرانا نصاب دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے۔ خیبر پی کے کا محکمہ تعلیم اس سال برطانوی حکومت سے 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر حاصل کر رہا ہے۔ انگلش کی کتاب میں سے گڈ مارننگ کی جگہ السلام علیکم کا لفظ شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں نصاب تعلیم میں ہونے والی تبدیلیاں کم ہیں۔ 2006-7 میں سابقہ حکومت نے کچھ تبدیلیاں کی تھیں اور نصاب کے کچھ حصے کو ختم کیا تھا تاہم یہ تبدیلیاں ہمارے اسلامی معاشرے سے مطابقت نہیں رکھتیں۔
نصاب تعلیم