2 خودکشیاں: لاہور میں گھریلو حالات پر 5 بچوں کی ماں نے زہر کھا کر زندگی ختم کر لی
لاہور (نامہ نگار) شیرا کوٹ کے علاقہ میں پانچ بچوں کی ماں نے گھریلو حالات سے دلبرداشہ ہوکر زہریلی گولیاں کھا کر زندگی ختم کر لی۔ شیرا کوٹ کے علاقہ بند روڈ کا امانت رکشہ چلاتا تھا مگر کچھ عرصہ سے اس نے کام کاج چھوڑ دیا تھا اور وہ نشے کا عادی ہو گیا۔ گھریلو اخراجات نہ دینے پر اس کی40 سالہ بیوی 5 بچوں کی ماں ثمینہ کا جھگڑا رہتا تھا جس پر دلبرداشتہ ہو کر ثمینہ نے زہریلی گولیاں کھا لیں۔ حالت غیر ہونے پر اسے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی تاہم اس سلسلہ میں مقامی پولیس نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں شورکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شورکوٹ کے نواحی علاقہ شاہ صادق نہنگ میں گذشتہ روز چھٹی پر آئے ہوئے حساس ادارے کے ملازم محمد شہباز نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر لی۔