ٹیوٹا 18 ٹیکنالوجی کالجز میں مکینیکل ڈیپارٹمنٹ کے قیام کیلئے فنی معاونت فراہم کریگا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) جائیکا (جاپان) صوبہ پنجاب میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی( ٹیوٹا) کے 18ٹیکنالوجی کالجز میں تین سالہ ڈی اے ای کے جدیدمکینیکل ڈیپارٹمنٹ کے قیام کیلئے فنی معاونت فراہم کرے گا۔ اس کے آغاز سے نجی اور سرکاری شعبے کو ماہر افرادی قوت یقینی دستیابی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے اسلام آباد میں جاپانی سفیر مسٹر ہیروشی انوماتا کے ساتھ ملاقات کے بعد گزشتہ روز ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ جائیکا (جاپان) کے تعاون سے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ لاہور میں مکینیکل اور آرکیٹیکچر ٹیکنالوجی کی ڈپلومہ کلاسزکے کامیاب اجراء کے بعد ٹیوٹا کے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فیصل آباد، گجرات، لیہ میں بھی مکینیکل ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔