کراچی آپریشن کا مقصد پورا کرنا ہے تو قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں: بلاول، گیلانی کی ملاقات
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کا مقصد پورا کرنا ہے تو قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے۔ آپریشن کی کامیابی کیلئے تمام ادارے ملکر کام کریں۔ ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سابق کونسلر کو کراچی میں قتل کر دیا گیا۔ سندھ پولیس کے اہلکاروں اور پی پی کارکنوں پر حملوں کے ملزم گرفتار کئے جائیں اور مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اجرک پاکستان اور سندھ کے قیام سے پہلے بھی موجود تھی اور ہمارے دنیا سے جانے کے بعد بھی رہے گی، میری اجرک کے بارے میں لوگوں کی غلط فہمی دور ہو جانی چاہئے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری سے یوسف رضا گیلانی نے لندن میں ملاقات کی جس میں پارٹی کی تنظیم سازی پر گفتگو کی گئی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کی تکمیل پر سینئر پارٹی رہنما مکمل تعاون کریں گے۔