انتظامیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری عوام کو منتقل کرے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے وزیر اعظم کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند اور عوام دوست اقدام قرار دیتے ہوئے صوبائی انتظامیہ کو اس کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو فی الفور منتقل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔ شہباز شریف نے صوبائی انتظامیہ ،متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کافائدہ ہر صورت پہنچنا چاہئے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ہی عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی نہ صرف یقینی بنائی جائے بلکہ یہ نظر بھی آنی چاہئے۔ و زیر اعلیٰ نے صوبائی انتظامیہ، متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو حقیقی معنوں میں فی الفورریلیف فراہم کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان تیارکرکے اس پر فوری عملدرآمد یقینی بنائے۔ اشیائے ضروریہ، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے فی الفور اقدامات اٹھائے جائیں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کیلئے بھی جامع لائحہ عمل مرتب کرکے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری لیبر کو ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاںکمی کی گئی ہے اور بلاشبہ وفاقی حکومت کا پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا فیصلہ لائق تحسین ہے اور حکومت کی عوام دوستی کا ثبوت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کرتی رہے گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف لندن میں میڈیکل چیک اپ کروانے کے بعد (آج) اتوار کی صبح وطن واپس پہنچیں گے۔