لاہور : دائرین کی بس جیل روڈ انڈر پاس میں جا گھسی نوجوان ہلاک‘ گیارہ زخمی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ + سٹاف رپورٹر) لاہور میں جیل روڈ پر انڈر پاس کی چھت سے ٹکرا کر بس پر سوار ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 11 افراد ابوبکر‘ افضل‘ مقدس‘ بابر‘ نعیم‘ بلال‘ ممتاز‘ رفاقت‘ رفیق‘ عدنان اور شفیق شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سروسز ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ سمبڑیال کے زائرین جن میں زیادہ تر عورتیں اور بچے تھے، کو لیکر بس حضرت سلطان باہو کے عرس میں شرکت کیلئے جھنگ جا رہی تھی‘ کچھ مسافر چھت پر بھی سوار تھے۔ بس جب جیل روڈ انڈر پاس سے گزرنے لگی تو وہ اس سے ٹکرا گئے، پولیس نے بس ڈرائیور نور محمد کو گرفتار کر لیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی۔ 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ حادثے کے بعد کینال روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بس تیز رفتاری سے جا رہی تھی ڈرائیور کو انڈر پاس کی اونچائی کا دھیان ہی نہ رہا۔ بس انڈر پاس کے اندر گھس کر پھنس گئی۔ ٹائروں کی ہوا نکال کر بس اور زخمیوں کو باہر لایا گیا۔
زائرین