• news

بدعنوانی کنٹرول کرکے گھریلو صارفین کے بجلی کے بل 50 فیصد کم کئے جا سکتے ہیں: ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل

لاہور (امریز خان + نیشن رپورٹ) ٹرانسپرنسی انٹرنیشن پاکستان نے وزیراعظم کے نام اپنے ایک خط میں دعویٰ کیا ہے کہ آئی پی پیز اور تقسیم کار کمپنیوں میں ہونے والی کرپشن کو کنٹرول کرلیا جائے تو گھریلو صارفین کے بجلی کے بلوں کو 50 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف نے اووربلنگ کے معاملہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی تحقیق کیلئے کمیٹی قائم کی تھی جس میں اسحاق ڈار، چودھری نثار، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، خرم دستگیر اور سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگا شامل ہیں۔ اس خط میں مزید کہا گیا کہ ماضی میں کمیٹی کے لئے نامزد کسی رکن نے بھی کارکردگی نہیں دکھائی تھی۔ وزیراعظم کے انسپکشن کمشن نے تقسیم کار کمپنیوں کو جاری خط میں ان سے میٹروں کی رفتار 30 سے 35 فیصد بڑھانے کے حوالے سے اطلاعات کی بھی وضاحت مانگی ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے ہی اپنی ایک رپورٹ میں واضح کیا تھا کہ واپڈا اور کے ای ایس سی نے میٹر بنانے والی ایک کمپنی کو 35 فیصد زیادہ تیز میٹر فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم کو بھیجے گئے تازہ خط میں کہا گیا ہے کہ فرنس آئل سے چلنے والے پاور پلانٹس کی فیول کاسٹ 70 فیصد سے زیادہ ہے۔ نیپرا ان پاور پلانٹس کے ٹیرف 30 فیصد تک کم کرسکتا ہے کیونکہ عالمی سطح پر آئل کی قیمتیں 30 فیصد کم ہو گئی ہیں۔
ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل

ای پیپر-دی نیشن