غریب کو میں نے اسمبلیوں میں بھیجا، عمران، قادری اسوقت سیاست میں بھی نہ تھے: الطاف
کراچی (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ غریب مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس کیلئے آواز اٹھانے والے عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری نے سیاست میں قدم تک نہیں رکھا تھا اس سے پہلے ہی میں نے غریب اور مڈل کلاس پڑھے لکھے نوجوانوں کو اسمبلیوں میں پہنچا دیا تھا۔ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر شعبہ جات کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست کا آغاز طلباء تنظیم’’ آل پاکستان مہاجر سٹوڈینٹس آرگنائزیشن‘‘ کے ذریعے کیا تھا۔ میں نے ملک کے پڑھے لکھے باشعور اور باصلاحیت نوجوانوں کو ایوانوں میں بھیجنے کی جدوجہد شروع کی تو کچھ لوگوں نے میرے منشور اور باتوں پر میرا مذاق اڑایا اور کہا کہ سیاست کرنااوراسمبلیوں میں پہنچنا غریبوں کے بس کی بات نہیں۔ مگر اپنے منشور و مقاصد پر ڈٹا رہا، جدوجہدکرتا رہا، میں نے سندھ کے شہری علاقوں میں ووٹ کے ذریعے عملاً یہ انقلاب برپاکیا۔الطاف حسین نے کہا کہ بد قسمتی سے آج ملک کے بیشتر تجزیہ نگار، صحافی اور اینکر پرسن اس بات کو کہتے ہوئے شرماتے ہیں کہ ایم کیوایم اور الطاف حسین نے سب سے پہلے غریب متوسط طبقہ کے پڑھے لکھے نوجوانوںکو سیاست میں لاتے ہوئے ایوانوں تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ آج ٹی وی چینلز پر اتنے ٹاک شوز ہوتے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ ایم کیوایم کے بارے یہ کڑوا سچ کسی کے منہ سے نہیں نکلتا۔