کرپشن کیسز اور سومو ٹو ایکشن کیا افتخار چودھری کے ہی شوق تھے: کائرہ
گوجر خان (این این آئی) سابق وزیر اطلاعات ونشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے قوم جاننا چاہتی ہے کیا کرپشن کیسز اور سوموٹو ایکشن افتخار چودھری کے ہی شوق تھے، عدالتی ٹرائل کیساتھ ہمارا میڈیا ٹرائل بھی کیا جاتا رہا، دھاندلی کا جانتے ہوئے بھی محض جمہوری عمل کے تسلسل کیلئے نتائج کو قبول کیا، ہمارے دور میں ٹی وی چینلز کی بریکنگ نیوز کمرہ عدالت کے اندر سے چلتی تھیں، میڈیا کو اپنے لئے ضابطہ اخلاق خود بنانا ہوگا۔ ریجنل یونین آف جرنلسٹس گوجر خان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ٹی وی چینلز پر تفریح کے نام پر خدارا سیاسی و مذہبی قائدین کی کردار کشی نہ کی جائے اور انکا چہرہ مسخ نہ کیا جائے۔ رینٹل پاور کیس میں سود سمیت تمام رقم واپس ہو گئی اور رقم واپس کرنیوالی کسی بھی غیر ملکی کمپنی نے یہ دعویٰ نہیں کیا کہ اس نے اندرون خانہ رشوت دی لیکن اس بارے میں میڈیا نے کچھ نہ کیا الٹا ہم پر کرپشن کے الزامات لگتے رہے۔ انہوں نے کہا اس حکومت نے آٹے اور بجلی پر تو سبسڈی ختم کر دی لیکن چند شہروں میں میٹرو بس پر سو ارب روپے کی سالانہ سبسڈی دی جا رہی ہے۔ میڈیا کو شہری مسائل کیساتھ ساتھ دیہی علاقوں کے مسائل پر بھی توجہ دینی ہوگی نوجوان صرف شہروں میں نہیں بلکہ دیہاتوں میں بھی پائے جاتے ہیں۔