گومل زام ڈیم سے پانی کی غیرمنصفانہ تقسیم، مظاہرین نے ٹانک جنوبی وزیرستان شاہراہ بند کردی
جنوبی وزیرستان (آن لائن)گومل زام ڈیم سے پانی کی غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف درجنوں دیہات سے تعلق رکھنے والے کسانوںاور دیگر ہزاروں افراد نے ٹانک جنوبی وزیرستان شاہراہ کو کوڑ کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ مظاہرین نے سڑک پر ٹائرجلاکر اور دیگر بڑی رکاوٹیں ڈال کر صبح سات بجے سے دوپہر دو بجے تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کئے رکھا۔ مظاہرین اور ایف سی کے اہلکاروں کے درمیان سڑک کی بندش پر تو تکرار کے بعد ایف سی کے اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کردی جس پر مظاہرین نے ایف سی کی گاڑیوں پر پتھراو کیااور ایف سی کی گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے۔ بعدازاں عمائدین کی مداخلت پر شاہراہ کھول دی گئی۔